انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کر کے سری لنکا کو کولمبو میں کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ میں شکست دے کر سیریز جیت لی ہے۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ انگلینڈ نے سری لنکا کو ایک روزہ میچوں کی سیریز میں سری لنکا میں شکست دی ہے۔
انگلینڈ کی طرف سے جیمز اینڈرسن اور ریان سائڈ بوٹم نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین تین وکٹ حاصل کیے۔ براڈ کے حصے دو جبکہ کولنگوڈ کے حصے ایک وکٹ آئی اور اس طرح سری لنکا مقررہ 50اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 211 بنا سکا۔
سری لنکا کی طرف سے چمارا سلوا اور کمارا سنگاکارا کی 126 رنز کی شراکت بھی سری لنکا کے مجموعی سکور میں کوئی بڑا اضافہ نہ کر سکی اور میزبان ٹیم کی وکٹیں ایک کے بعد ایک گرتی رہیں۔ سنگاکارا 69 رنز بنا کر جبکہ سلوا 67 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ان کے علاوہ صرف مبارک 20 اور دلشن 17 رنز بنا سکے اور کوئی دوسرا بیٹسمین ڈبل فگرز میں نہ آ سکا۔
انگلینڈ کی ٹیم کی طرف سے کیون پیٹرسن اور الیسٹائر کک نے جم کر بیٹنگ کرتے ہوئے بالاترتیب 63 (ناٹ آؤٹ) اور 80 رنز بنائے۔ اس طرح انگلینڈ یہ میچ پانچ وکٹ سے جیت گیا۔
انگلینڈ کی طرف سے کک اور مسٹرڈ نے اننگز کا آغاز کیا اور جب سکور 30 پر پہنچا تو مسٹرڈ ملنگا کی گیند پر انہیں کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ دوسری وکٹ 80 کے سکور پر گری جب بیل آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 25 رنز بنائے۔ 194 کے سکور پر کک اور اسی سکور پر کولنگ وڈ آؤٹ ہوئے۔ دونوں کو فرنینڈو نے آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شاہ تھے جو 208 کے سکور پر آؤٹ ہوئے۔