ہندوستان کی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا آسٹریلیا کی کھلاڑی کے سی ڈیلاکوا کو شکست دیکر جاپان اوپن ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔
کلائی کی چوٹ صحیح ہونے کے بعد ٹینس کورٹ میں واپسی کرنے والی ثانیہ مرزا نے اپنی حریف کوچھ چار، تین چھ اور چھ چار سے شکست دی۔
حیدرآباد کی بیس سالہ نوجوان کھلاڑی ثانیہ مرزا نے ڈیلاکوا کے خلاف اچھی شروعات کی اور پہلا سیٹ چھ چار سے باآسانی جیت لیا تاہم دوسرے سیٹ میں وہ اپنی کارکردگی برقرار نہ رکھ سکیں اور تین چھ سے سیٹ ہار گئیں۔ تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں ثانیہ کو اپنی حریف ڈیلاکوا سے زبردست مقابلہ کرنا پڑا تاہم کھیل میں دوبارہ واپسی کرتے ہوئے ثانیہ نے چھ چار سے فتح حاصل کی۔
میچ جیتنے کے بعد ثانیہ کا کہنا تھا: ’اس وقت معاملہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا تھا اور میں ایسا کرنے میں کامیاب رہی‘۔
ان کا کہنا تھا: ’مجھے لگتا ہے کہ فیصلہ کن سیٹ میں میرے کھیل کا مظاہرہ سابقہ دو سیٹوں سے بہتر رہا‘۔